خیرپور(آئی این پی)خیرپور پولیس نے سرچ آپریشن کرکے 5 اشتہاری مجرموں سمیت 10 ملزمان کو گرفتار کرلیا ۔ شکارپور میں ڈاکوؤں کیخلاف پولیس آپریشن چھٹے روز بھی جاری ہے جس میں حصہ لینے کیلیے کراچی سے مزید 100 اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔ ایس ایس پی پیر محمد شاہ کے مطابق کوٹ ڈیجی کے قریب گوٹھ بکھو لاشاری میں اشتہاریوں کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن کیا گیا ۔ دوران کارروائی 5 اشتہاریوں سمیت 10 ملزمان کی گرفتاری عمل میں آئی جن کے قبضے سے 6 کلاشنکوف، 2 بندوقیں اور 2پستول سمیت سیکنٹروں گولیاں برآمد ہوئیں۔ ملزمان 7 افراد کے قتل اور اغواء برائے تاوان سمیت کئی وارداتوں میں مطلوب تھے، دوسری جانب شکارپور کے علاقے گڑھی تیگو میں ڈاکوؤں کیخلاف پولیس آپریشن چھٹے روز میں داخل ہوگیا ۔ آپریشن کا دائرہ کار ضلع کشمور تک پھیلا دیا گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق آپریشن میں حصہ لینے کیلیے کراچی سے مزید 100 اہلکاروں پر مشتمل ریپڈ رسپانس فورس موقع پر پہنچ گئی ہے۔