کراچی(اے پی پی)انسداد دہشت گردی عدالت نے ایم کیو ایم کے رہنما عامر خان کے خلاف دہشت گردوں کو پناہ دینے کے کیس کی سماعت 7 مئی تک ملتوی کردی ۔ رئیس ماما ، شہزاد ملا ، عمران اعجاز نیازی اور نعیم ملا سمیت مفرور ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے ۔ انسداد دہشت گردی عدالت کراچی میں ایم کیو ایم کے رہنما عامر خان کے خلاف دہشت گردوں کو پناہ دینے کے کیس کی سماعت ہوئی ۔ تفتیشی افسر نے مفرور ملزموں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری سے متعلق رپورٹ جمع کرا دی ۔ مفرور ملزموں میں رئیس ماما ، شہزاد ملا ، عمران اعجاز نیازی اور نعیم ملا شامل ہیں ۔ ان ملزموں پر بھتہ خوری ، ٹارگٹ کلنگ اور سہر میں خوف و ہراس پھیلانے کے الزامات ہیں۔ رینجرز کا دعویٰ ہے کہ 11 مارچ کو نائن زیروپر چھاپے کے دوان یہ ملزمان فرار ہوگئے تھے۔ عدالت نےعامرخان سے پوچھا کہ کیا آپ ملزموں کو نہیں جانتے عامر خان نے جواب دیا کہ نہیں میں کسی نہیں جانتا۔ تفتیشی افسر نے مفرور ملزموں کی عدم گرفتاری کے بارے میں کہا کہ ہمارے پاس وسائل نہیں ہیں۔ عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ آپ کے پاس کتنے کیس ہیں۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ میرے پاس 90 کیسیز ہیں۔ عدالت نے برہمی کا ظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو ملزموں کے نام اور پتے تک نہیں معلوم، کیا تفتیش کی ہے۔ منہاج قاضی کہاں ہیں، کتنا عرصہ ہوا انہیں گرفتار کئے ہوئے۔ تفتیشی افسر کے پاس جواب نہین تھا۔ : عدالت نے مفرور ملزموں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سماعت 5 مئی تک ملتوی کردی ۔