خبرنامہ سندھ

دہشتگردوں کے خلاف آپریشن جاری رہے گا،ڈی جی رینجرز

کراچی: (ملت+آئی این پی )ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے کہا ہے کہ دہشتگردوں ،ٹارگٹ کلرز ان کے معاونین کے خلاف آپریشن جاری رہے گا،امن کی بنتی ہوئی حالت کو مزید مضبوط کیا جائے گا،تمام ادارے مل کر امن کی صورتحال مزید مضبوط کریں گے۔وہ ہفتہ کو کراچی میں نیشنل ووکیشنل ٹریننگ کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ آپریشن کے ساتھ ساتھ پاکستان رینجرز سندھ ،صوبائی و وفاقی اداروں کی مدد سے تین بڑے اقدامات کر رہی ہے،اسکل ڈویلپمنٹ سنٹر قائم کرنے کیلئے کام شروع کرچکے ہیں،یہ اتنا بڑا سینٹر ہوگا کہ ہزاروں بچے اور بچیاں ٹریننگ لے سکیں گے۔اسکل ڈویلپمنٹ سنٹر سے فارغ ہونے والوں کو نوکریوں کے مواقع ملیں گے،دہشتگردی کا شکار افراد کے متعلقین کو اسکل ڈیولپمنٹ سنٹر میں ترجیح دیں گے،مختلف حادثات و سانحات کے متاثرین کا ڈیٹا اکٹھا کرکے انہیں مدد فراہم کریں گے۔ڈی جی رینجرز نے کہا کہ رینجرز اصلاحی مرکز اور رینجرز بحالی مرکز شروع کر رہے ہیں،امن کی بحالی کیلئے انتظامیہ اور دیگر ساتھ دے رہے ہیں۔(خ م)