خبرنامہ سندھ

ذوالفقار بھٹو اور بے نظیر بھٹو کشمیریوں کے عظیم محسن اور تحریک آزادی کشمیر کے سر خیل تھے

الیکشن سے پہلے

میرپور (ملت + آئی این پی) سابق وفاقی وزیر اطلاعات و مرکزی سیکرٹری اطلاعات پاکستان پیپلزپارٹی قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کشمیریوں کے عظیم محسن اور تحریک آزادی کشمیر کے سر خیل تھے پاکستان پیپلزپارٹی کشمیریوں کے حق خود ارادیت پر یقین رکھتی ہے بھٹو شہید نے اقوام متحدہ اور دیگر عالمی فورموں پر جس جرات مندی اور بہادری سے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا اس کی مثال دنیا کی تاریخ میں ملتی ،اقوام متحدہ کے عالمی ادارے کے اندر والہانہ اور جذباتی انداز میں بھٹو شہید کے تاریخی خطابات نئی نسل کے لیے راہنمائی کا ذریعہ ہے شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے دو مرتبہ بحیثیت وزیراعظم پاکستان پہلی بار مقبوضہ جموں کشمیر کی مسلمہ قیادت میر وعظ عمر فاروق کو پہلی بار کانسا بلانکا میں اپنے ساتھ خصوصی طور پر بطور وفد میں شامل کیا اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت مسئلہ کشمیر اور کشمیری عوام کے ساتھ والہانہ عقیدت اور محبت رکھتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار سابق وفاقی وزیر اطلاعات و مرکزی سیکرٹری اطلاعات پاکستان پیپلزپارٹی قمرزمان کائرہ نے دورہ میرپور کے دوران پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے سینئر رہنما چیئرمین جموں کشمیرہیومن رائٹس کمیشن ہمایوں زمان مرزا سے تفصیلی ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔دوران ملاقات سابق وفاقی وزیر اطلاعات قمرزمان کائرہ نے ہمایوں زمان مرزا سے کشمیر کی موجودہ صورتحال ،کنٹرول لائن پر بھارتی افواج کی فائرنگ اور پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیا ۔قمر الزمان کائرہ نے کہا کہ بھارتی افواج کی طرف سے مسلسل فائرنگ اور گولہ باری سے ایک درجن سے زائد کشمیریوں کو شہید کیا گیا سیز فائر لائن کے ملحقہ علاقوں میں بھارتی افواج سول آبادی کو نشانہ بنا کر یہ ثابت کر دیا کہ ہندوستان مودی سرکار دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد اور اس کے کشمیریوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں مودی امن کے نام پر ایک بدنما دھبہ ہے جس کا سابقہ ریکارڈ تاریخ کے بد ترین جابر ،ظالم حکمرانوں ہٹلر ،چنگیز خان ،ہلاکو سے بھی بدتر ہے ۔عالمی برادری کے ضمیر کو جھنجوڑنے اسلامی ممالک کو مل کر آواز بلند کرنا ہو گی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کے خلاف عالم اسلام کو اپنی آنکھیں کھولنا ہونگی اسلامی ممالک کی مسلسل ہٹ دھرمی اور خاموشی معنی خیز ہے ۔انہوں نے کہا کہ شہید کمانڈر برہان مظفر وانی اور دیگر کشمیریوں کی شہادت سے تحریک آزادی کشمیر کو نئے جہت اور حوصلہ ملا ہے برہان مظفر وانی کی شہادت کو پوری دنیا سلام پیش کرتی ہے بھارت کشمیریوں کے دل کبھی نہیں خرید سکتا کشمیری بھارت سے آزادی حاصل کر نے کے بعد ان کے دل میں مودی سرکار کے لیے نفرت باقی رہے گی ۔اس موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے سینئر رہنما ہمایوں زمان مرزا نے مرکزی سیکرٹری اطلاعات پاکستان پیپلزپارٹی قمرزمان کائرہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ 30نومبر 1967کو زندہ دلاں لاہور میں شہید ذوالفقار علی بھٹو نے جس تاریخی جماعت کی بنیاد رکھی تھی آج اس جماعت کو 50سال ہوچکے ہیں جس کے بہادر اور جانثار جیالوں نے اپنی قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کرکے پیپلزپارٹی کاعظیم جھنڈا سربلند رکھ کر تاریخ میں امر ہوگئے ۔ پاکستان پیپلزپارٹی کی بنیاد قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے مسئلہ کشمیرپر رکھی پاکستان کی تاریخ میں شہید ذوالفقار علی بھٹو واحد سیاسی رہنما ہیں جنہوں نے اقوام متحدہ جیسے بڑے عالمی فورم پر اپنے پہلے خطاب میں نہ صرف کشمیریوں کی پرامن تحریک کی حمایت کی بلکہ کشمیر کی آزادی کیلئے ایک ہزار سال تک جنگ لڑنے کا تاریخی اعلان کیا یہ بھٹو جیسا ذہین ،اعلیٰ پائے کا سیاستدان اور کشمیریوں کا بہی خواہ ہی کرسکتاتھا انشاء اللہ مسئلہ کشمیر کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق موجودہ دور حکومت میں ہی حل ہوگا ۔کشمیریوں کے حق خود ارادیت کیلئے ملکی و بین الاقوامی سطح پر پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ بھرپور وکالت اور ترجمانی کا حق ادا کیا ہے قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو نے کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کیلئے تاریخ ساز خدمات سرانجام دی ہیں ہمیں فخر ہے کہ ہم شہیدوں، مجاہدوں اور غازیوں کی جماعت سے ہیں پاکستان پیپلزپارٹی کی بنیاد ہی مسئلہ کشمیر پر رکھی گئی تھی پیپلز پارٹی سے بڑھ کر کشمیریوں کی کون عزت کر سکتا ہے جب تک بھٹو اور بی بی شہید کا نظریہ زندہ ہے ہم جموں وکشمیر کی آزاد ی کی منزل سے ہم کنار ہو کر رہیں گے۔