خبرنامہ سندھ

راحیل شریف کو لے کر ہر بات بڑھا چڑھا کر بیان کی جاتی ہے، گورنر سندھ

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) گورنر سندھ محمد زبیر کا کہنا ہے سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف بھی دیگر جنرلز کی طرح ایک عام انسان ہیں لیکن ان کے حوالے سے ہر بات بڑھا چڑھا کر بیان کی جاتی ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ کراچی کو اب معاشی ترقی دینا ہے کیوں کہ یہ شہر ترقی کرے گا تو پاکستان ترقی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن وامان کی بدترین صورتحال ورثے میں ملی، شہر کو بند کرنے والے فوجی حکومت کے اتحادی تھے، شہر میں رینجرز پہلے بھی تھی لیکن امن نہیں آیا، وزیراعظم نوازشریف نے رینجرز کو کام کرنے کی اجازت دی جس سے کراچی کا 80 فیصد امن بحال کردیا گیا ہے لہٰذا شہر میں مکمل امن ہونے تک رینجرز تعینات رہے گی۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ ملک میں آپریشن کی تاریخ بہتر نہیں رہی لیکن کراچی آپریشن پر وزیراعظم نوازشریف نے سب کو ساتھ لیا اور مشاورت سے یہ آپریشن شروع کیا گیا، آپریشن کا 100 فیصد کریڈٹ وزیراعظم نوازشریف کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف بھی دیگر جنرلز کی طرح ایک عام انسان ہیں، اگر وہ ریٹائرڈ ہوکر زمین لیں تو باتیں کی جاتی ہیں، زمین لینا راحیل شریف کا حق بنتا ہے، اگر وہ کہیں جاب کریں تو کہتے ہیں کہ وہ پیسے کے لیے جاب کررہے ہیں، راحیل شریف کے حوالے سے ہر بات بہت بڑھا چڑھا کر بیان کی جاتی ہے جب کہ میڈیا رپورٹس کو دیکھ کر تو ایسا لگتا ہے کہ جیسے علامہ اقبال نے پاکستان کا خواب دیکھا تھا اسی طرح راحیل شریف نے بھی کراچی کو ٹھیک کرنے کا خواب دیکھا تھا۔

محمد زبیر نے کہا کہ کراچی کی دنیا اب بدل چکی ہے اور بانی ایم کیو ایم الطاف حسین اب تاریخ کا حصہ بن چکے، ایم کیو ایم لندن کو ایم کیو ایم پاکستان تسلیم نہیں کرتی جب کہ نائن زیرو پر آج تالے لگے ہیں اورملک میں کوئی اسے کھولنے کا مطالبہ نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے کراچی 10 منٹ میں بند ہوجایا کرتا تھا لیکن اب کوئی بھی جماعت 10 ماہ میں پلاننگ کرکے بھی شہر کو بند نہیں کراسکتی۔ ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ پاناما کیس کا فیصلہ آنے پر خوشی ہوگی کیوں کہ یہ فیصلہ جتنی جلدی آئے گا پاکستان کے لیے اتنا اچھا ہے، پاناما کیس کے فیصلے کے انتظار میں اسٹاک مارکیٹ کی بری حالت ہے۔