خبرنامہ سندھ

را فنڈنگ کی تحقیقات کیلئے قائم جے آئی ٹی کے کام کی رفتار سے مطمئن نہیں

گوجرانوالہ:(آئی این پی) رضا ہارون کا کہنا تھا کہ ہم پاک سرزمین کے پلیٹ فارم سے اصولی سیاست کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی روایتی اور تاریخی سیاست میں سیاسی جماعتوں نے لوگوں کو اکھٹا نہیں کیا، ہم پاکستان کو بچانے نکلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک سرزمین واحد سیاسی جماعت ہے جس کا کوئی جھنڈا نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں کسی بھی حکمران پر کوئی الزام لگتا ہے تو اسے جمہوریت خطرے میں نظر آنا شروع ہو جاتی ہے، جب تک مقامی حکومتوں کو آئین کے مطابق مضبوط نہیں بنایا جائے گا، جمہوریت ناکام ہے، مقامی حکومتوں کے نظام بارے قانون آئین سے متصادم ہے۔ رضا ہارون کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم والوں نے کراچی میں صفائی مہم شروع کی تھی لیکن وہ ایسا نہیں کر سکے کیونکہ وہ بادشاہ لوگ ہیں، بڑی بڑی گاڑیوں میں گھومتے ہیں، انہیں عوام سے کوئی سروکار نہیں ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایم کیو ایم پر را سے فنڈنگ کے الزامات کی تحقیقات کے لئے وزیر داخلہ نے جو جے آئی ٹی بنائی ہے اس کے کام کی رفتار سے مطمئن نہیں ہیں۔ رضا ہارون کا کہنا تھا کہ جو ایم کیو ایم میں رہے وہ ٹھیک اور جو چھوڑ جائے تو اسے گند کہا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک سرزمین پارٹی ووٹوں کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی، ہم عملی عوامی سیاست پر یقین رکھتے ہیں۔ عشرت العباد کے بارے میں رضا ہارون کا کہنا تھا کہ ان کا نظریہ ہمارے نظریہ سے ملتا ہے، ابھی وہ گورنر ہیں، جب عہدہ چھوڑیں گے تو پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ خود کریں گے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ افتحار رندھاوا بھی تھے جن کا کہنا تھا کہ پچیس سال تک ایم کیو ایم کے ساتھ رہے لیکن جب پتہ چلا کہ ایم کیو ایم کو را چلا رہی ہے تو فوراً اسے چھوڑ دیا۔