خبرنامہ سندھ

رحمان بھولا نے فیکٹری کو آگ لگانے کا اعتراف کرلیا

کراچی: (ملت+اے پی پی) سانحہ بلدیہ فیکٹری پر پولیس نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ رحمان بھولا نے فیکٹری میں آگ لگانے کا اعتراف کرلیا ۔ فیکٹری مالکان کے بھتہ نہ دینے اور پارٹنر شپ سے انکار پر حماد صدیقی نے فیکٹری میں آگ لگانے کی ہدایت دی تھی ، رپورٹ عدالت میں پیش کردی گئی ۔ سانحہ بلدیہ فیکٹری میں آگ لگانے کے مرکزی ملزم رحمان عرف بھولا کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا ۔ پولیس نے ملزم رحمان بھولا کی انٹیروگیشن رپورٹ عدالت میں جمع کرائی ۔ رپورٹ کے مطابق رحمان بھولا نے دوران تفتیش اپنے جرم کا اعتراف کرلیا ہے ۔ حماد صدیقی نے فیکٹری مالکان سے بھتہ لینے اور پارٹنر شپ کے لئے کہا تھا ۔ رپورٹ کے مطابق فیکٹری مالکان نے بھتہ دینے اور پارٹنر شپ سے انکار کر دیا جس پر حماد صدیقی نے فیکٹری کو آگ لگانے کی ہدایت کی تھی ۔ رپورٹ میں پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ زبیر چریا اور میں نے اور دیگر نے فیکٹری کو آگ لگائی ۔ سماعت کے دوران رحمان عرف بھولا سر جھکا کر عدالت میں کھڑا رہا ۔ بعد میں عدالت نے 29 دسمبر تک رحمان عرف بھولا کا جسمانی ریمانڈ دے دیا ۔