خبرنامہ سندھ

رمضان المبارک میں بھی شہرمیں بدترین لوڈشیڈنگ

کراچی:(اے پی پی) شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کا بد ترین بحران جاری ہے جس کے باعث سحرو افطار کے اوقات سمیت 10 سے 12 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جب کہ بجلی کی طویل بندش سے پانی کے بحران نے شہریوں کو مزید اذیت میں مبتلا کردیا ہے۔ رمضان المبارک میں بھی کے الیکٹرک کی جانب سے شہر میں بجلی كی طویل لوڈشیڈنگ كی وجہ سے شہریوں كو سخت اذیت كا سامنا ہے،شہر كے مضافاتی علاقوں میں دن اور رات كے اوقات میں بجلی كی طویل لوڈشیڈنگ كی جارہی ہے۔ منگھوپیر، ڈالمیا، اورنگی ٹاؤن، قصبہ كالونی، پہاڑگنج، ابراہیم حیدری، كورنگی، لانڈھی، اللہ والا ٹاؤن، بھینس كالونی، شیرپاؤكالونی، ریڑھی، صدر ٹاؤن اور قائدآباد کے علاقوں میں سحرو افطار کے اوقات سمیت 10 سے 12 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جس كی وجہ سے روزہ داروں كو سحری و افطار كے اوقات میں شدید مشكلات كا سامنا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہےکہ تراویح كے اوقات میں بھی بجلی كی لوڈشیڈنگ جاری ہے، شہری كے الیكٹرك كے كمپلینٹ سینٹر كے نمبر ملاتے رہتے ہیں لیكن یہ نمبرز مسلسل انگیج ملتے ہیں اور شہریوں كا وقت برباد ہوتا ہے،كے الیكٹرك كا عملہ اپنی من مانی كرتا ہے اور اپنی مرضی سے فالٹ درست كرتا ہے۔ مختلف علاقوں میں 10 سے 12 گھنٹوں كی لوڈشیڈنگ سے شہری سخت اذیت میں مبتلا ہیں، شدید گرمی اور حبس میں اپنا بیشتر وقت گھروں سے باہر درختوں كے سائے اور فٹ پاتھوں پر گزارنے پر مجبورہیں۔