خبرنامہ سندھ

رکن صوبائی اسمبلی کے بھائی منی لانڈرنگ کے الزام میں گرفتار

کراچی:(آئی این پی ) پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی سردار خان چانڈیو کے بھائی نوابزادہ ریحان چانڈیو کراچی ایئرپورٹ سے ایک لاکھ اماراتی درہم بیرون ملک لے جانے کی کوشش کے دوران گرفتار کرلیا گیا ہے، نوابزادہ ریحان چانڈیو کو ایئرپورٹس سیکیورٹی فورس نے سیٹلائٹ ایریا سے گرفتار کیا جبکہ کسٹمزحکام زرمبادلہ کی غیرقانونی طور پر بیرون ملک منتقلی کے معاملے سے مکمل طور پر لاعلم تھی، نوابزادہ ریحان چانڈیوکو قانونی کارروائی کے لیے کسٹمز حکام کے حوالے کردیا گیا ہے۔ رکن صوبائی اسمبلی سردار خان چانڈیو کے بھائی نوابزادہ ریحان چانڈیو غیرملکی ایئرلائنز کی پرواز ای کے 609 کے ذریعے دبئی جارہے تھے کہ ایک سرکاری ادارے کے پروٹوکول میں انھوں نے کسٹمز، اینٹی نارکوٹکس فورس اور امیگریشن کے مراحل طے کیے اور سیٹلائٹ ایریا تک پہنچ گئے، ذرائع نے بتایا کہ سیٹلائٹ ایریا میں ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں نے جب ان کی جامہ تلاشی لی تو سامان سے ایک لاکھ اماراتی درہم اور تقریبا 5 سو امریکی ڈالر برآمد ہوئے جس کی پاکستانی کرنسی میں مالیت 29 لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے واضح رہے کہ وفاقی قوانین کے مطابق ایک مسافربیرون ملک جاتے ہوئے 10 ہزارامریکی ڈالر یا اس کے مساوی رقم سے زائد بیرون ملک نہیں لے جا سکتا ہے۔ ریحان خان چانڈیو کو بغیر قانونی کارروائی کے رہا کرنے کے لیے بااثر حلقوں کی جانب سے دباؤ ڈالا جارہا تھا اورکسٹمزپریونٹوکاعملہ انھیں وی آئی پی پروٹوکول فراہم کررہا تھا، ذرائع نے بتایا کہ قمبرشہداد کوٹ میں واقع غبی ڈیروکے نواب سردار خان چانڈیو کی جاگیر میں عرب شیخ ہر سال شکار کیلیے آتے ہیں اور ان کے عربوں سے قریبی تعلقات ہیں، ذرائع نے بتایا کہ نواب خاندان کے اراکین تواتر سے دبئی آنا جانا ہے جہاں ان کی جائیدادیں اور بزنس بھی موجود ہیں۔