خبرنامہ سندھ

رینجرزاختیارات، دبئی میں اعلیٰ قیادت سےمشاورت کےبعد فیصلہ ہوگا

کراچی: (آئی این پی) رینجرز کے قیام کی مدت اور چھاپوں کے اختیارات ، وزیراعلیٰ سندھ نے نئی سمری طلب کر لی، آج شام دبئی جائیں گے ، پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت سے مشاورت کے بعد فیصلہ ہو گا ۔ سندھ میں رینجرز اختیارات کا معاملہ کسی کروٹ بیٹھنے کا نام ہی نہیں لے رہا، ابھی تک معاملات جوں کے توں ہے ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے رینجرز کے قیام کی مدت اور چھاپوں کے اختیارات کی نئی سمریاں طلب کی ہیں ۔ یہ معاملہ دبئی میں طے ہو گا اس لئے وزیر اعلیٰ سندھ آج شام روانہ ہو رہے ہیں ۔ وزیراعلیٰ پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت سے مشاورت کریں گے ، جس کہ بعد پہلے رینجرز کے قیام کی مدت میں توسیع کی جائے گی، پھر اختیارات دئیے جائیں گے ۔ جمعے کو وزیراعلیٰ سندھ سے کور کمانڈر کراچی نے دو گھنٹے ملاقات کی تھی ، لیکن اس میں بھی کوئی پیش رفت نہ ہوئی ۔ اس کے بعد بلاول بھٹو نے قائم علی شاہ اور دیگر وزراء کو بھی بلایا، لیکن اس میں بھی کوئی فیصلہ نہ ہو سکا ۔ آصف زرداری کی صدارت میں پارٹی کا اہم اجلاس دبئی میں طلب کیا گیا ہے جس میں رینجرز اختیارات ، وزیراعلیٰ سندھ کی تبدیلی سمیت اہم فیصلے ہوں گے۔