خبرنامہ سندھ

رینجرزاختیارات: آصف زرداری نےدبئی میں اجلاس طلب کرلیا

کراچی: (اے پی پی) سندھ میں رینجرز اختیارات کے معاملے پر پیپلزپارٹی کے شریک چیرمین آصف علی زرداری نے 24 جولائی کو دبئی میں اہم اجلاس طلب کرلیا جس میں رینجرز کے معاملے پر حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ پیپلزپارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری اپنے والد اور پارٹی کے شریک چیرمین آصف زرداری کے طلب کردہ اجلاس میں شرکت کے لیے دبئی روانہ ہوگئے ہیں جب کہ وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ، وزیر خزانہ مرادعلی شاہ سمیت مشیر قانون اور وزیرداخلہ سندھ کل دبئی روانہ ہوں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے دبئی روانگی سے قبل وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے ملاقات کی جس میں وزیراعلیٰ نے انہیں کورکمانڈر کراچی سے ہونے والی ملاقات سے آگاہ کیا۔ جب کہ بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ کو رینجرز اختیارات کا معاملے پر اہم ہدایات دیں۔ اس سے قبل وزیراعلیٰ ہاؤس میں سید قائم علی شاہ سے کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے ملاقات کی جس میں نیشنل ایکشن پلان، ایپکس کمیٹی کے فیصلوں پرعملدرآمد سمیت رینجرزاختیارات پر بھی بات چیت ہوئی۔ وزیراعلیٰ اور کور کمانڈر کی ملاقات میں وزیر داخلہ سندھ سہیل انورسیال اور مشیر قانون مرتضٰی وہاب سمیت وزیرخزانہ مرادعلی شاہ نے بھی شرکت کی جس میں لاڑکانہ واقعہ بھی زیر بحث آیا- کور کمانڈر کراچی سے ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ نے رینجرز کو اپنی طاقت قرار دیا اور یقین دلایا کہ پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعد رینجرز اختیارات کا معاملہ بھی خوش اسلوبی سے حل کرلیا جائے گا۔ اس موقع پر قائم علی شاہ نے کور کمانڈر کراچی سے رینجرزکی اندرون سندھ کارروائیوں پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رینجرز کو اختیارات کراچی میں جرائم ختم کرنے کے لیے دیئے گئے تھے لہٰذا اختیارات کا دائرہ بڑھانے کے لیے نئی قانون سازی کرنا پڑے گی۔