اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما مشاہد اﷲ خان نے کہا ہے کہ رینجرز نے کراچی میں لاء اینڈ آرڈر کا مسئلہ کافی حد تک حل کرلیا ہے جو پولیس حل کرنے میں ناکام رہی‘ حکومت قانون سے متصادم کوئی کام نہیں کریگی‘ بھارت کی جانب سے پاکستان کی ٹیم کو سکیورٹی فراہم کرنے میں ناکامی اس پر کالا دھبہ ہے‘ بھارتی حکومت کی سکیورٹی صلاحیت سوالیہ نشان بن گئی ہے۔ جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما مشاہد اﷲ خان نے کہا کہ حکومت قانون سے متصادم کوئی کام نہیں کرے گی۔ سرفراز مرچنٹ نے جو باتیں کیں ریاست پاکستان کو تحقیقات کرنی چاہئیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کھیل کو کھیل سمجھتا ہے اور بھارتی حکومت کی سکیورٹی صلاحیت سوالیہ نشان بن گئی ہے۔ رینجرز نے کراچی میں لاء اینڈ آرڈر کا مسئلہ حل کیا ہے پولیس حل کرنے میں ناکام رہی۔ سرفراز مرچنٹ اگر ثبوت فراہم کرے تو کارروائی ہونی چاہئے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ نے کرکٹ ٹیم بھیجنے کے حوالے سے درست موقف اپنایا ہے بھارت سکیورٹی کونسل میں مستقل نشست کا طلب گار ہے اور دوسری طرف اس کی سکیورٹی صلاحیت سوالیہ نشان بن گئی ہے یہ اس کے لئے کالا دھبہ ہے۔ ملک کا وقار کھیل سے زیادہ اہم ہے بھارتی حکومت پاکستان کی کرکٹ ٹیم کو سکیورٹی نہیں دے سکتی ہے تو دوسری ٹیموں کو کیسے دے رہی ہے اس حوالے سے آئی سی سی کو سوچنا ہوگا۔ بھارت کو بھی کھیل کو کھیل سمجھنا چاہئے اور پاکستان کی کرکٹ ٹیم سے کھیلنا چاہئے۔ (ن غ/ و خ)