کراچی : (ملت آن لائن) پاکستان رینجرز سندھ نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ جمعہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق عید گاہ اور کورنگی کے علاقوں میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی اور لوٹ مار میں ملوث 5 ملزمان پرویز، محمد نعمان، محمد سلمان، عابد علی اور محمد اسماعیل کو گرفتار کیا۔ لانڈھی کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے رینجرز نے بھتہ خوری کی وارداتوں میں ملوث ملزم علی حسین اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے سمیت جرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث الطاف حسین کو گرفتار کیا جبکہ سعود آباد کے علاقے سے ملزم اکبر کو گرفتار کیا گیا جو منشیات فروشی کے کاروبار میں ملوث ہے۔ ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، ایمونیشن، مسروقہ سامان اور منشیات برآمد کی گئی ہیں اور تمام ملزمان کو قانونی چارہ جوئی کے لئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔