زبیدہ آپا کے انتقال پر سیاسی رہنماؤں کی جانب سے اظہار تعزیت
کراچی:(ملت آن لائن) امور خانہ داری کی ماہر ہردلعزیز کوکنگ ایکسپرٹ زبیدہ آپا کے انتقال پر سیاسی رہنماؤں کی جانب سے گہرے دکھ کا اظہار کیا گیا ہے۔ ماہر امورخانہ داری زبیدہ طارق المعروف زبیدہ آپاگزشتہ روز کراچی میں حرکت قلب بند ہونے کے باعث انتقال کرگئں۔ زبیدہ آپا کے انتقال کے بعد سیاسی رہنماؤں کی جانب سے تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے معروف کوکنگ ایکسپرٹ زبیدہ آپا کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہارکیا گیا ہے۔ مرحومہ کی روح کےلئے بلند درجات کے لئے دعا اورغمزدہ خاندان سے تعزیت کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ زبیدہ آپا کئی خواتین کے لئے رول ماڈل خاتون خانہ تھیں۔ پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے ملک کی معروف سماجی شخصیت زبیدہ آپا کے انتقال پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے مرحومہ کی مغفرت، درجات کی بلندی اور ان کے بھائی انور مقصود سمیت تمام سوگوار لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء لیاقت علی جتوئی کی مشہور ادبی خاندان سے تعلق رکھنے والی مشہور و معروف زبیدہ آپا کے انتقال پر افسوس کا اظہارکرتےہوئے کہا دکھ کی اس گھڑی میں لواحقین کے ساتھ ہیں، ہم زبیدہ آپا کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ اللہ پاک مرحومہ کی مغفرت اور درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ اے این پی سندھ کے صدر سینیٹر شاہی سید نے زبیدہ آپا کے انتقال پر افسوس کا اظہارکیا اور کہا اللہ تعالی مرحومہ کے درجات بلند کرے اور زبیدہ آپا کے اہلخانہ کو صبر عطا فرمائے۔ زبیدہ آپا کے انتقال پراداکاروں کا اظہار افسوس ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے زبیدہ آپا کے انتقال پرتعزیت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ ان کے گھر والوں کو صبرو جمیل عطا فرمائے۔ زبیدہ آپا کا جانا ہم سب کے لئے بہت بڑا نقصان ہے۔ پی ٹی آئی کے رکن بابر اعوان نے زبیدہ آپا کے بھائی انور مقصود اور ان کے گھروالوں کو صبر کرنے کی تلقین کی اور کہا اللہ انہیں مغفرت عطا کرے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بھی ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ زبیدہ آپا بہترین شیف ہونے کے ساتھ بہت اچھی انسان بھی تھیں۔ انہوں نے زبیدہ آپا کی خدمات کے لیے شکریہ بھی اداکیا اوردعا کی کہ خدا ان کے گھروالوں کو صبرعطا کرےاور ان کی مغفرت کرے۔ میئر کراچی وسیم اخترنے زبیدہ آپا کے انتقال پر اظہار افسوس کیا اور کہا یہ خبر سن کر انہیں بے حد افسوس ہوا۔ اللہ انہیں اپنی جوار رحمت میں جگہ دے آمین۔ پاکستان مسلم لیگ (ن)کی رہنما مائزہ حمید نے کہا کہ ہروقت نفاست سے بنی سنوری رہنے والی آپا کی چوڑیاں اور بنارسی ساڑھی انہیں بہت پسند تھیں۔ زبیدہ آپا نے بھرپور زندگی گزاری۔ اللہ تعالیٰ انہیں اپنی جوار رحمت میں جگہ دے، زبیدہ آپا کے کمال ٹوٹکے ہمیشہ یاد آئیں گے۔