پاک سرزمین پارٹی کےسربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ زرداری سے بڑا دہشت گرد بنانے والا کوئی نہیں ہے، سب اپنی اپنی عیاشیوں میں لگے ہیں، حکمران پورے ملک کو دہشت گرد بنارہے ہیں۔
پاکستان ہاؤس میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے پی ایس پی چیئرمین مصطفیٰ کمال نے ایک بار پھر ایم کیو ایم قائد کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ قائد تحریک کے بعد ایک نیا نام سامنے آیا ہے ، بابائے مہاجر قوم، مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اگر یہ بابائے مہاجر قوم ہے تو میں اس قوم سے دستبردار ہوتا ہوں۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ایم کیو ایم کے قائد نے 30سال حکومت کی لیکن کبھی مہاجر قوم کے حقوق کے لئے ریلی نہیں نکالی۔ان کا کہنا تھا کہ قائد ایم کیو ایم ایک ایسا سانپ ہے جو اپنے بچے کھاتا ہے۔
پی ایس پی چیئرمین نے کہا کہ ندیم نصرت اور ان کی اہلیہ نے ایم کیو ایم کے خلاف جو باتیں کیں وہ ریکارڈ پر ہیں لیکن وہی ندیم نصرت آج ایم کیو ایم قائد کے فرنٹ مین ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم قائد کی سیاست 22 اگست کو ختم ہوگئی تھی لیکن فاروق ستار کے ذریعے ایم کیو ایم کو زندہ رکھا ہوا ہے، آج ایم کیو ایم قائد جو کررہا ہےاس کاکریڈٹ فاروق ستار کو جاتا ہے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ سینیٹر فروغ نسیم سے پوچھیں کہ ایم کیو ایم قائد ’را‘ کا ایجنٹ ہے یا نہیں، فروغ نسیم اس میٹنگ میں تھے جب ایم کیو ایم قائد نے کہا کہ وہ ’را‘ کے ایجنٹ ہیں۔
پی ایس پی چیئرمین نے کہا کہ زرداری سے بڑا دہشت گرد بنانے والا کوئی نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ دہشت گرد لاپتہ ہوتے ہیں اور مارے جاتے ہیں تو کیاکرپٹ لوگ اور بیوروکریٹ لاپتہ یا مارے نہیں جاسکتے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ آپ جتنا جھوٹ بولیں گے میں اُتنا سچ بولوں گا، ان کا کہنا تھا کہ اعتراف کرلو ورنہ پھر اگلی قسط آئے گی۔