خبرنامہ سندھ

زرداری فورس کی کمان ایڈیشنل آئی جی کراچی کے سپرد

کراچی:(اے پی پی) سندھ ہائیکورٹ تشدد کیس میں ملوث اور زرداری فورس کےنام سےمشہوراسپیشل سیکیورٹی یونٹ کی کمان ایڈیشنل آئی جی کراچی کو سونپ دی گئی-آئی جی آفس سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کے آپریشن اور انتظامی معاملات کی نگرانی اب کراچی پولیس چیف مشتاق مہرکریں گے۔کراچی سے باہر اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کے اہلکاروں کی تعیناتی آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کی اجازت سے مشروط ہوگی۔ ذرائع کے مطابق فیصلہ ایس ایس یو کے خلاف کرپشن اور مالی بدعنوانیوں کی ممکنہ تحقیقات کے تناظر میں کیا گیا۔ایس ایس یو میں سپریم کورٹ کے احکامات کے برخلاف کنٹریکٹ افسران بھی تعینات ہیں۔یاد رہے کہ سابق صدر آصف زرداری، چیئرمین پیپلزپارٹی اور وی آئی پی شخصیات کی سیکیورٹی کیلئے کچھ عرصہ قبل بنائے گئے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کا سربراہ ایس ایس پی مقصود میمن کو مقرر کیا گیا تھا۔وی وی آئی پی موومنٹ یا جلسوں میں سابق صدر زرداری اور بلاول بھٹو کی شرکت کے موقع پراسپیشل سیکیورٹی یونٹ کے اہلکاروں کی ڈیوٹیاں لگتیں اوریونٹ کے اہلکار زیادہ تر بلاول ہاؤس کے باہر ہی سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیتےہیں-سابق وزیر داخلہ ذوالفقار مرزا کی سندھ ہائیکورٹ میں پیشی کے موقع پر ایس ایس یو اہلکاروں نے ذوالفقار مرزا کے ساتھیوں اور صحافیوں کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا تھا۔اب وی وی آئی پی ڈیوٹیاں دینے والے اہلکاروں کو چند ماہ سےعام سیکیورٹی کیلئے بھی تعینات کیا جانے لگا ہے۔