خبرنامہ سندھ

زرداری پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر

کراچی: (ملت+اے پی پی) پیپلز پارٹی اور پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے انتخابات خاموشی سے مکمل ہو گئے۔ ایک پارٹی کے صدر بنے زرداری اور دوسری کو ملی بلاول کی سربراہی۔ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے انٹرا پارٹی انتخابات خاموشی سے منعقد ہوئے اور ختم بھی ہو گئے اور نتائج بھی آ گئے۔ پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر منتخب ہوئے ہیں سابق صدر مملکت آصف علی زرداری جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کا چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو منتخب کر لیا گیا ہے۔ خفیہ الیکشن بلاول ہاؤس کراچی میں ہفتہ اور اتوار کو ہوئے۔ نتائج کے مطابق فرحت اللہ بابر پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے جنرل سیکریٹری، مولا بخش چانڈیو سیکریٹری اطلاعات اور سلیم مانڈوی والا سیکریٹری فنانس منتخب ہوئے ہیں۔ نیئر بخاری پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل جبکہ چودھری منظور سیکریٹری انفارمیشن منتخب ہوئے ہیں۔ تاہم، لطف کی بات یہ ہے کہ ان دونوں جماعتوں کے انتخابات کے وقت بلاول بھٹو کراچی میں ہی موجود نہیں تھے جبکہ نیئر بخاری اور سلیم مانڈوی والا بھی پارٹی انتخابات میں شریک نہیں ہوئے تھے۔ دوسری جانب کراچی کے علاقے نیو چالی میں آصف زرداری اور بلاول کے الیکشن لڑنے کی خوشی میں چراغ جمہوریت روشن کئے گئے۔ مولا بخش چانڈیو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنماؤں کا انتخابی نشان مشترکہ ہو گا۔ تقریب میں آتش بازی کا بھی شاندار مظاہرہ کیا گیا۔