خبرنامہ سندھ

زرداری کی وطن واپسی ، 5711 سکیورٹی اہلکار تعینات

کراچی: (ملت+اے پی پی) سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے وائس چئیرمین آصف علی زرداری کی ڈیڑھ سال بعد وطن واپسی پر ائرپورٹ کے اولڈ ٹرمینل پر بڑے استقبال ، جلسے کی تیاریاں کرلی گئیں ۔ سابق صدر آصف علی زرداری ڈیڑھ سال بعد آج سہہ پہر وطن واپس پہنچیں گے ، کراچی ائر پورٹ کے اولڈ ٹرمینل پر ان کے بڑے استقبال کی تیاریاں کی گئی ہیں ۔ اپنی آمد کے بعد وہ اولڈ ٹرمینل پر جلسے سے خطاب کریں گے ۔ اس مقصد کے لئے 24 فٹ اونچا اور 40 فٹ چوڑا سٹیج تیار کیا گیا ہے ۔ اولڈ ٹرمینل سے سٹار گیٹ تک کی سڑک کو جلسہ گاہ بنایا جائے گا ۔ اس سڑک پر عام گاڑیوں کا داخلہ ممنوع رہے گا ، صرف پاس رکھنے والی گاڑیاں یہاں سے گذر سکیں گی ۔ اس موقع پر سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں ۔ سیکیورٹی پر 5711 افسران واہلکار فرائض انجام دیں گے ۔ سیکیورٹی پر کراچی پولیس کے 3201 اہلکار ڈیوٹیاں دیں گے ۔ ایس ایس یو کے 502 اور 1 ہزار ٹریفک پولیس کے اہلکار تعینات ہونگے ۔ سپیشل برانچ کے 800 جبکہ دیگر یونٹس کے 208 اہلکار سٹینڈ بائی ہونگے ۔