خبرنامہ سندھ

زرداری کی وطن واپسی پر پی پی کا اہم اجلاس طلب

پیپلز پارٹی:(ملت+اے پی پی) کی اعلیٰ قیادت نے دبئی میں آج شام اہم اجلاس طلب کرلیا ہے ،جس میں 27 دسمبر کو بے نظیر بھٹو کی برسی ، سابق صدر آصف علی زرداری کی وطن واپسی ،حکومت مخالف تحریک اور سندھ حکومت کے انتظامی معاملات پر غور کیا جائے گا۔ اجلاس میں سابق صدر آصف علی زرداری ، بلاول بھٹو زرداری اور فریال تالپورشرکت کریں گے، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی دبئی پہنچ چکے ہیں۔ دبئی میں ہونے والے اجلاس میں پارٹی کی اعلیٰ قیادت مختلف امور پر مشاورت کرے گی ۔27 دسمبر سے پہلے سابق صدر آصف علی زرداری کی واپسی اور سندھ کابینہ میں کچھ وزرا کی تبدیلی یا ان کے قلمدان تبدیل کئے جانے کے حوالے سے متعلق بھی اہم فیصلے متوقع ہیں۔ اجلاس میں سندھ کی بیوروکریسی میں اہم تبدیلیوں سے متعلق بھی فیصلے ہوںگے۔ پیپلز پارٹی کی قیادت آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ سے خوش نہیں اور انہیں عہدے سے ہٹانے پر بھی غور کیا جائے گا۔ سندھ کے نئے آئی جی کے لیے غلام قادر تھیبو کا نام زیر غورہے۔