خبرنامہ سندھ

سائیں سرکار کیا کر رہی ہے؟ بلاول

کراچی: (آئی این پی) عوام تو عوام پیپلز پارٹی کی اپنی قیادت بھی سندھ حکومت کی کارکردگی پر سوال اٹھانے لگی۔ بلاول بھٹو زرداری امجد صابری کے اہل خانہ سے تعزیت کے لئے پہنچے تو صحافیوں نے گھیر لیا۔ معروف قوال کے قتل اور چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کے بیٹے کے اغواء سے متعلق سوال بھی کیا لیکن پی پی چیئرمین نے خود کچھ کہنے کے بجائے وزیر داخلہ کو آگے کر دیا، بولے سندھ حکومت جواب دو۔ بلاول بھٹو سہیل انور سیال کو ڈائس سونپ کر چلے گئے لیکن صوبائی وزیر داخلہ آئیں بائیں شائیں ہی کرتے رہے۔ کچھ اور نہ بن پڑا تو وزیر داخلہ سندھ “تحقیقات جاری ہیں” کی گردان کرتے جان چھڑاتے رہے۔ اس سے قبل بلاول نے امجد صابری مرحوم کے اہلخانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ خود کرب سے گزرا ہوں، اس لئے صابری خاندان کے دکھ کا اندازہ ہے۔ بلاول نے اہلخانہ سے تعزیت کی۔ ماں جی کا ہاتھ پکڑ کر حوصلہ دیا اور امجد صابری کی یاد میں میوزیکل انسٹیٹیوٹ کھولنے کا اعلان بھی کیا۔