کراچی:(ملت آن لائن) سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے زمین کی الاٹمنٹ سے متعلق کیس میں ضمانت قبل از گرفتاری کے لیے درخواست دائر کردی۔
قائم علی شاہ کی جانب سے سندھ ہائیکورٹ میں ضمانت کے لیے درخواست دائر کی گئی جس میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کی انکوائری پر اعتراض نہیں لیکن اُسےگرفتاری سے روکا جائے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ نیب سے انکوائری میں تعاون کرنے کو تیار ہیں لیکن عدالت نیب کو حکم دے کہ گرفتار نہ کیا جائے۔
یاد رہے کہ نیب ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں زمین کے گھپلوں سے متعلق کیس کی تفتیش کررہی ہے اور اس سلسلے میں سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کو پوچھ گچھ کے لیے 2 نومبر کو طلب کیا گیا تاہم انہوں نے پیش ہونے سے انکار کردیا تھا۔
نیب ذرائع کے مطابق ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں زمین کی الاٹمنٹ سے متعلق جو دو رپورٹس پیش ہوئیں ان میں قائم علی شاہ کا نام نہیں تھا تاہم تیسری رپورٹ میں ان کا نام ہونے کی بناء پر انہیں تفتیش کے لیے طلب کیا گیا.