خبرنامہ سندھ

سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس کا چالان منظور، مقدمہ انسداد دہشت گردی کی عدالت منتقل

کراچی:(اے پی پی) انسداد دہشت گردی کی عدالت کے منتظم جج نے سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس کا ضمنی چالان منظور کرتے ہوئے مقدمہ متعلقہ عدالت منتقل کردیا ۔ کراچی میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے منتظم جج نے سانحہ بلدیہ کیس کی سماعت کی،سماعت کے دوران اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر ساجد محبوب اور تفتیشی افسر ایس پی ساجد سدوزئی نے ضمنی چالان پیش کیا، چالان میں جے آئی ٹی کی سفارشات کی روشنی میں دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی، چالان میں 58 افراد کو نامزد جب کہ ایم کیو ایم کے رہنما حماد صدیقی اور رحمان عرف بھولا سمیت دیگر کو مفرور قرار دیا گیا۔ چالان میں موقف اختیار کیا گیا کہ ایم کیو ایم کے حماد صدیقی کی ایما پر علی انٹر پرائزز سے 25 کروڑ روپے بھتہ اور فیکٹری منافع میں حصہ داری کا مطالبہ کیا گیا۔ فیکٹری مالکان نے ایک کروڑ دینے پر رضامندی ظاہر کردی تھی لیکن 11 ستمبر 2012 کو حماد صدیقی کی ایماء پر فیکٹری کو آگ لگادی گئی، واقعے میں 259مرد وخواتین جاں بحق ہوئے لیکن ایم کیو ایم کی سینئر قیادت نے دہشت گردی کے واقعے کا رخ تبدیل کرنے کی کوشش کی۔ فاضل جج نے ضمنی چالان منظور کرتے ہوئے کیس کو انسداد دہشتگردی کی عدالت نمبر 2 میں منتقل کردیا۔