خبرنامہ سندھ

سانحہ بلدیہ ٹاؤن، ایف آئی اے کی ٹیم مرکزی ملزم کو پاکستان لے آئی

کراچی: (ملت+اے پی پی) تحقیقاتی اداروں کو سانحہ بلدیہ ٹاؤن میں ایک اور کامیابی مل گئی۔ ایف آئی اے کی ٹیم مرکزی ملزم رحمان بھولا کو تھائی لینڈ سے کراچی لے آئی۔ ایمرجنسی پاسپورٹ پر رحمان بھولا کو کراچی منتقل کیا گیا۔ ملزم رحمان بھولا کو تھائی لینڈ سے انٹرپول کے ذریعے گرفتار کیا گیا۔ رحمان بھولا نے ایف آئی اے کو بیان دیتے ہوئے کہا ایم کیو ایم کا حماد صدیقی بانی کا کماؤ پوت تھا اور حماد صدیقی کے حکم پر فیکٹری کو آگ لگائی۔ آگ لگانے میں پارٹی کے دیگر لوگ بھی شامل تھے۔ ملزم نے یہ بھی انکشاف کیا کہ جلانے سے قبل فیکٹری سے بھتہ مانگا گیا۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق رحمان بھولا کا کل عدالت سے ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔