خبرنامہ سندھ

سانحہ بلدیہ ٹاون، زبیر عرف چریا 90 روز کیلئے رینجرز کے حوالے

کراچی (آئی این پی ) سانحہ بلدیہ ٹاون کیس میں اہم پیش رفت، رینجرز نے فیکٹری میں آگ لگانے والے ایم کیو ایم کے مفرور کارکن زبیر عرف چریا کو گرفتار کر کے 90 روز کی تحویل حاصل کر لی۔ رینجرز نے ایم کیو ایم کے کارکن زبیر عرف چریا کو گرفتار کر لیا۔ رینجرز نے زبیر عرف چریا کو اس کے ایک ساتھی شہزاد پرویز کے ہمراہ سخت حفاظتی انتظامات میں انسداد دہشت گردی کورٹ میں پیش کیا۔ رینجرز کے لاء افسر نے عدالت کو بتایا کہ دونوں ملزم ٹارگٹ کلنگ ، بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان اور دیگر وارداتوں میں ملوث تھے۔ ملزم زبیر عرف چریا سانحہ بلدیہ ٹاون کا مفرور ملزم ہے۔ ملزم نے بھتہ نہ ملنے پر بلدیہ فیکٹری میں آگ لگائی تھی جس سے خواتین سمیت 259 بے گناہ افراد جل گئے تھے۔ ملزم کارروائی کے بعد سعودی عرب فرار ہو گیا تھا۔ عدالت نے دونوں ملزموں کو 90 روز کے لئے رینجرزکی تحویل میں دے دیا اور محکمہ داخلہ سندھ کو ہدایت کی کہ ملزموں کی جے آئی ٹی تشکیل دے کر 15 دن میں رپورٹ جمع کرائیں۔