کراچی(اے پی پی)سرفراز مرچنٹ نے منی لانڈرنگ کیس کے حوالے سے 15 مارچ کو ایف آئی اے کے سامنے پیش ہونے سے معذرت کرلی ہے۔ سرفراز مرچنٹ نے کہا ہے کہ جب تک ایف آئی اے تحقیقات کے تمام زاویوں کو درست سمت میں نہیں لاتی بیان ریکارڈ نہیں کراؤں گا۔ انہو ں نے مزید کہا کہ ایم کیوایم اور قائد ایم کیوایم پر’’را‘‘سے پیسے لینے کا کوئی الزام نہیں لگایا ہے۔ قبل ازیں لندن میں منی لانڈرنگ کیس کے اہم کردار سرفراز مرچنٹ نے کہا تھا کہ وہ ایف آئی اے کو جواب دینے کے لیے اپنے وکلا سے مشاورت کریں گے۔ ایف آئی اے نے بیان ریکارڈ کرانے کے لیے سرفراز مرچنٹ کو سمن جاری کیا تھا۔ سرفراز مرچنٹ نے گزشتہ دنوں پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کی تھی، جس کا وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارنے نوٹس لیاتھا۔ بعد میں ایک کمیٹی بنائی گئی جس کا کام اس بات کا جائزہ لیناتھاکہ جن شواہد کی نشاندہی سرفراز مرچنٹ نے کی ہے وہ پاکستان میں جاری منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات میں کس حد تک معاون ہوسکتے ہیں؟ اور یہ معاملہ برطانوی حکومت کے ساتھ اٹھایا بھی جاسکتا ہےیا نہیں؟۔ کمیٹی سفارشات کے بعدیہ فیصلہ کیاگیاکہ سرفراز مرچنٹ کومنی لانڈرنگ کےبارے میں بیان دینے کیلئے پاکستان بلایا جائے اور اس سلسلے میں سمن بھی لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ذریعے سرفراز مرچنٹ کو بھجوایا گیا تھا۔