لندن (آئی این پی)پاکستانی تاجر سرفراز مرچنٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے کو تحریری جواب بھجوا دیا۔نجی ٹی وی کے مطابق پیر کو منی لانڈرنگ کیس میں پاکستانی تاجرسرفراز مرچنٹ نے ایف آئی اے کو تحریری جواب بھجوا دیا جس میں کہا گیا کہ میں محب وطن پاکستانی کی حیثیت سے مکمل تعاون کروں گا، تحقیقات میں تعاون کیلئے پاکستان آنا پڑا تو آؤں گا، ایم کیو ایم کے رہنماء محمد انور نے مجھے ’’را‘‘ کی فنڈنگ کا بتایا تھا، میرے پاس جو بھی معلومات ہیں، ملکی اداروں کو دوں گا، ایف آئی اے تحقیقات کے زاویے درست سمت میں لائے۔اس بات سے آگاہ ہوں کہ ایم کیو ایم بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ سے رقم لیتی ہے، یہ بات اسکارٹ لینڈ یارڈ نے بھی کہی، متحدہ کی قیادت پر الزام اسکارٹ لینڈ نے لگایا تھا، میں نے یہ بات صرف بیان کی تھی، اسکاٹ لینڈ یارڈ نے کہا تھا ان کے پاس اس بات کے ثبوت ہیں کہ ایم کیو ایم ’’را‘‘ سے رقم لیتی ہے، اسکاٹ لینڈ یارڈ کی اس بات کا میں گواہ ہوں، یہ قومی سلامتی کا معاملہ ہے، اس معاملے پر اعلیٰ ترین سطح سے کارروائی ہونی چاہیے تھی۔