خبرنامہ سندھ

سر سید احمد خان قد آور اور ہمہ صفت شخصیت کے مالک تھے، جاوید انور

کراچی ۔ 18 اکتوبر (ملت + اے پی پی) سر سید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے چانسلر جاوید انوار نے کہا ہے کہ سر سید احمد خان ایک قد آور اور ہمہ صفت شخصیت کے مالک تھے، ان کا تصورِ تعلیم بڑا جامع اور ہمہ گیر تھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز سر سید احمد خان کے 199 ویں یوم پیدائش کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سر سید احمد خان کے تصورِ تعلیم میں تربیت کو مرکزی حیثیت حاصل ہے، اسی تعلیم اور تربیت کے نتیجے میں سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کا قیام عمل میں لایا گیا۔ انہوں نے کہا ہم سر سید یونیورسٹی کو اعلیٰ معیار کی ایک قابلِ مثال یونیورسٹی بنانے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موثر اقدامات کے نتیجے میں سندھ کی چارٹر اِنسپکشن اینڈ ایوالیوشن کمیٹی کی حالیہ درجہ بندی میں سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نے اوّل پوزیشن حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی نے علم اور معلومات کے تبادلے کے لئے حال ہی میں اسپین کی مالاگا یونیورسٹی، جامعہ کراچی اور انٹر نیشنل سینٹر فار کیمیکل اینڈ بائیولوجیکل سائنسز کے ساتھ تین مفاہمتی یاد داشتوں پر سائن کئے جس کے تحت دونوں ادارے باہمی دلچسپی کے موضوعات پر مشترکہ تحقیق اور تربیتی پروگراموں کو فروغ دیں گے۔ اس سال سے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے کو متعارف کرایا جا رہا ہے اور اس طرح طلباء کے لئے اب اپنے رجحان کے مطابق گیارہ شعبوں میں چناؤ کے مواقع دستیاب ہیں۔ تقریب سے دیگر مقرین نے بھی خطاب کیا۔