خبرنامہ سندھ

سعید الزمان صدیقی کی نماز جنازہ آج ادا کی جائے گی

کراچی: (ملت+اے پی پی) گورنر سندھ جسٹس ریٹائرڈ سعید الزمان صدیقی 78 برس کی عمر میں ہم سے جدا ہو گئے۔ ان کی نماز جنازہ آج بعد نماز جمعہ گورنر ہاؤس کراچی میں ادا کی جائے گی۔ جس میں وزیراعظم پاکستان سمیت اعلیٰ حکومتی عہدیدار اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد بھی نماز جنازہ میں شرکت کریں گے۔ مرحوم کو گزری قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔ جسٹس ریٹائرڈ سعید الزمان صدیقی نے 11 نومبر 2016 کو سندھ کے 31 ویں گورنر کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا۔ مرحوم طویل عرصے سے پھیپڑوں کے مرض میں مبتلا تھے۔ جسٹس ریٹائرڈ سعید الزمان صدیقی کو بدھ کی شام طبیعت کی ناسازی پر نجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکے۔ نئے گورنر کی نامزدگی اور حلف برداری تک اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی سندھ کے قائم مقام گورنر ہوں گے۔