کراچی:(اے پی پی) 20فروری کودنیابھرمیں سماجی انصاف کاعالمی دن منایاجاتاہے۔پاکستان کا شماربھی ان ممالک میں ہوتا ہے جس کے بارے میں یہ تاثر عام ہے کہ یہاں پرسماجی انصاف کی حالت کچھ زیادہ بہترنہیں۔پاکستان جہاں بہت سےمسائل سے دوچارہے، وہیں اس کا اپنا امیج دنیا کی نظروں میں بعض معاملات میں ہمیشہ سے متاثررہا ہے جن میں سماجی انصاف کا نہ ہونا بھی شامل ہے۔ یہ بھی حقیقت ہے کہ پاکستان میں انسانی حقوق کی صورتحال میں بہتری آرہی ہے لیکن ماہرین کہتے ہیں کہ حقوق کی بات تب ہی بھلی لگے گی جب سماج میں انصاف بھی ہوتا ہوا نظرآئے گا۔سماجی ماہرین کہتےہیں کہ جب معاشرے میں سب لوگوں کو رہنے اورترقی کے یکساں مواقع نہیں ملتے تواس سے بہت سارے مسائل جنم لیتے ہیں جومعاشرے میں جرائم، کرپشن اور غربت میں اضافے کا باعث بنتے ہیں۔ دنیا میں ترقی کرنے والی اقوام نے اپنے شہریوں کو صرف صنعتی ترقی اورآگے بڑھنے کے مواقع ہی نہیں دیے بلکہ اپنے پورے معاشرے پرانصاف کو غالب کرکے اسے بہت ساری فکری پریشانیوں سے آزاد کردیا ہے۔