خبرنامہ سندھ

سمندرکوصاف رکھنا ہے، ملک بھرکو سرسبزوشاداب رکھنا ہے، گورنرسندھ

کراچی :(ملت آن لائن) گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ آب وہوا تبدیل کرنے کے لیے کچرے کا خاتمہ اور شجرکاری ضروری ہے۔

تفصیلات کے مطابق گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کراچی میں سی ویو پرصفائی مہم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کوگندا کرنے میں ہم سب بھی برابرکے ملوث ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک بھرکوصاف کرنے کا بیڑا اٹھایا گیا ہے ہمیں سپورٹ کرنی چاہیے، ملک بھر کو صاف رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

عمران اسماعیل نے کہا کہ سمندرکوصاف رکھنا ہے، ملک بھرکوسرسبزوشاداب رکھنا ہے، سمندر قدرت کا انمول تحفہ ہے جسے ہمیشہ نظراندازکیا گیا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی میں جہاں نظردوڑائیں کچرا ہی کچرا نظرآتا ہے، آلودگی کے سبب نایاب خوبصورت پرندےغائب ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ کی صفائی مہم قابل تعریف ہے، سمندرنہایت آلودہ ہوچکا ہے، نومبرمیں بھی سخت گرمی کی وجہ آب وہوا ہے۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ آب وہوا تبدیل کرنے کے لیے کچرے کا خاتمہ اور شجرکاری ضروری ہے۔

یاد رہے کہ 16 ستمبر کو وزیراعظم عمران خان نے کراچی کا دورہ کیا تھا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں صفائی کا بہترنظام اورپانی کا منصوبہ اولین ترجیح ہے۔