خبرنامہ سندھ

سندھ اسمبلی، خدمات پر سیلز ٹیکس کے بل پر شور شرابا، ہندو میرج بل منظور

کراچی:(اے پی پی) سندھ اسمبلی کا اجلاس شور شرابہ اور ہنگامہ آرائی کے بغیر مکمل نہیں ہوتا۔ اجلاس کے دوران حکومت کی جانب سے ہندو میرج بل 2016 پیش کیا گیا جس میں ہندو برادری کی شادی کی رجسٹریشن کے لئے قانون سازی کی گئی ہے ۔ اپوزیشن ارکان نے بل میں دو ترامیم پیش کرنا چاہیں تو شور شروع ہو گیا۔ اپوزیشن کی دو ترامیم کے ساتھ ہندو میرج بل کی منظوری دے دی گئی۔ حکومت کی جانب سے خدمات پر سیلز ٹیکس ترمیمی بل پیش کیا گیا۔ قانون کے مطابق کرائے پر حاصل کئے جانے والے مکانات، دفاتر اور فیکٹری پر خدمات ٹیکس ادا کرنا ہو گا۔ اپوزیشن ارکان نے خدمات پر نئے ٹیکس کی شدید مخالفت کی۔ اسی دوران اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن اور سینئر وزیر مراد علی شاہ کے درمیان تلخ جملوں کو تبادلہ ہوا۔ حکومت نے اپوزیشن ارکان کے شور کی پرواہ نہ کی اور شور شرابے کے دوران خدمات پر سیلز ٹیکس کا بل کثرت رائے سے منظور کر لیا۔ سندھ اسمبلی کا اجلاس منگل تک ملتوی کر دیا گیا۔