سندھ اسمبلی میں نصرت سحرعباسی کی انوکھی دعا
کراچی:(ملت آن لائن) سندھ اسمبلی کے اجلاس میں شرجیل میمن کی شرکت پر مسلم لیگ فنکشنل کی رکن نصرت سحرعباسی نے کرپشن میں خاتمے کی انوکھی دعا کرائی۔ سندھ اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے اسپیکر کے احکامات پر میگا کرپشن اسکینڈل میں گرفتار سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن کو سخت سیکیورٹی میں سندھ اسمبلی لایا گیا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے ارکان نے ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے استقبال کیا۔
ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا کی سربراہی میں اسمبلی اجلاس کے دوران صورت حال اس وقت دلچسپ ہوگی جب مسلم لیگ فنکشنل کی رکن نصرت سحر عباسی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کرپشن کے خاتمے کے لیےانوکھی دعا کرائی۔ انہوں نے ہاتھ اٹھاکر کہا کہ آئیے مل کر دعا کریں کہ صوبے سے کرپشن کا خاتمہ ہوجائے۔ اسمبلی میں کرپٹ لوگوں کااستقبال نہ ہو. انہوں نے شرجیل میمن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی آمد پر یہ مثال قائم نہ ہو جیسے’بہاروں پھول برساؤ چورآیا ہے چور آیا ہے‘‘۔
جب شرجیل میمن داخل ہوئے تو حکومتی ارکان نے ان ڈیسک بجا کر ان کا استقبال کیا۔ شہلا رضا نے کہا کہ شرجیل میمن بہادر شخص ہیں اور عدالتوں کا احترام کرتے ہیں۔ شرجیل میمن بھاگے نہیں بلکہ بیرون ملک سے وطن واپس آکر مقدمات کا سامنا کررہے ہیں۔