کراچی(آئی این پی) سندھ اسمبلی میں حیدر آباد میں پانی کی قلت کے معاملے پر بولنے کی اجازت نہ ملنے پر ایم کیو ایم کے ارکان کا احتجاج اور واک آئوٹ ۔ سپیکر نے شور شرابے باعث اجلاس پیرتک ملتوی کردیا ۔ سندھ اسمبلی کا اجلاس سپیکرآغا سراج درانی صدارت میں سوا گھنٹے تاخیر سےشروع ہوا ۔ ایم کیو ایم کے ارکان نے حیدر آباد میں پانی کی قلت کے معاملے پر بات کرنے کی کوشش کی تو سپیکر نے اجازت نہیں دی جس پر ایم کیو ایم کے ارکان نے کھڑے ہو کر احتجاج شروع کر دیا ۔ اس کے ساتھ ہی شور شرابے سے کان پڑی آواز سنائی نہیں دے رہی تھی ۔ ایم کیو ایم کے رکن دلاور قریشی نے کہا کہ لوگوں کے گھروں میں وضو کے لئے پانی نہیں ہے ، آج جمعہ ہے لوگ نماز کیسے پڑھیں گے ۔ اس دوران پی ٹی آئی کے خرم شیر زماں نے سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس 112 میں پانی کی قلت اور غیر منصفانہ تقسیم سے متعلق توجہ دلائو نوٹس پیش کیا ۔ ایم کیو ایم کے ارکان کا حیدر آباد میں پانی کی قلت میں احتجاج جاری رہا اور سپیکر سے کہتے رہے کہ ہمیں بولنے کا موقع دیا جائے ۔ سپیکر ایم کیو ایم کے ارکان سے خاموش رہنے اپنی نشستوں پر بیٹھنے کا کہتے رہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ بولنے کا یہ طریقہ کار نہیں ہے ۔ آپ میری بات نہیں سنتے تو میں بھی آپکی بات نہیں سنوں گا ۔ ایم کیو ایم کے ارکان سپیکر کے ڈائس کے سامنے جمع ہوگئے اور پھر احتجاجاً ایوان سے واک آئوٹ کرگئے ۔ بعد میں سپیکر نے اجلاس پیر تک ملتوی کر دیا ۔