خبرنامہ سندھ

سندھ اسمبلی کی نشست پی ایس 127 میں انتخاب آج ہوگا

کراچی: (آئی این پی) حلقہ پی ایس 127 ملیر، سعودآباد، جناح اسکوائر، ماڈل کالونی اور کھوکھرا پارسمیت دیہی علاقوں پر مشتمل ہے۔ 2013 کے انتخابات میں ایم کیو ایم کے اشفاق منگی نے 59 ہزار 8 سو 11 ووٹ لیکر اس حلقہ سے کامیابی حاصل کی تھی۔ اشفاق منگی کے پاک سر زمین میں شمولیت اور نشست سے مستعفی ہونے کے باعث اس حلقے میں ضمنی انتخاب ہو رہا ہے۔ جس میں ایم کیو ایم کے امیدوار سابق رکن سندھ اسمبلی وسیم احمد، پیپلز پارٹی کے غلام مرتضیٰ بلوچ اور تحریک انصاف کے ندیم میمن سمیت 21 امیدوار مد مقابل ہیں۔ ضمنی انتخاب کے لیے 134 پولننگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔ جس میں 67 انتہائی حساس اور 49 حساس قرار دیئے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کی درخواست پر پولنگ کے دوران رینجرز کو تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حلقے میں ایم کیو ایم، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے امیدواروں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہونے کے امکانات ہیں۔ سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ 12 سال بعد پیپلز پارٹی اس حلقے سے اپنی کھوئی ہوئی سیٹ واپس لے سکتی ہے جبکہ ایم کیو ایم کی اس سیٹ پر کامیابی یا ناکامی ان کی سیاسی ساکھ کا تعین کرے گی۔