خبرنامہ سندھ

سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 81 کے ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ جاری

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) صوبائی اسمبلی سندھ کے حلقہ پی ایس 81 کے ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل شروع ہوگیا ، پولنگ بغیر کسی وقفہ کے صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گی ، سیکورٹی کے لئے ایک ہزار 8 سو پولیس اور سات سو رینجرز اہلکار تعینات ہیں ۔ سندھ اسمبلی کی نشست حلقہ پی ایس 81 جام مددعلی کی مسلم لیگ فنکشنل کو چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے اور اسمبلی کی نشست سے مستعفی ہونے کے باعث خالی ہوئی تھی ۔ پیپلز پارٹی نے اس نشست پر اپنا امیدوار پارٹی میں شامل ہونے والے جام مدد علی کو جبکہ مسلم لیگ فنکشنل نے اپنا امیدوار جام نفیس علی کو مقرر کیا ہے ۔ دونوں حریف امیدوار آپس میں کزن ہیں جبکہ جمعیت علمائے اسلام کے امیدوار سمیت ضمنی انتخابات میں کل سولہ امیدوار حصہ لے رہے ہیں ، لیکن اصل مقابلہ دونوں جام امیدواروں کے مابین ہوگا ۔ اس حلقہ میں کل ووٹروں کی تعداد ایک لاکھ 39 ہزار ایک ہے جن میں مرد ووٹرز 76 ہزار 4 سو 61 اور خواتین ووٹرز 62 ہزار 5 سو 40 ہے جن کے لیے ایک سو 22 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں جہاں ایک سو 22 پریذائیڈنگ افسر اور 3 سو 79 اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسر متعین ہونگے ۔ انتخابات کے دوران سیکورٹی کی ذمہ داری پولیس اور رینجرز کو سونپی گئی ہے اور سیکورٹی کے لحاظ سے اس حلقہ کو پانچ سرکل 12 سیکٹر اور 24 سب سیکٹر میں تقسیم کیا گیا ہے جہاں اٹھارہ سو پولیس اہلکار اور رینجرز کے سات سو جوان اپنی ڈیوٹی انجام دیں گے ۔ اس حلقہ میں اصل مقابلہ ماضی کے روایتی حریف پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ فنکشنل کے مابین ہوگا اور اس سے قبل بلدیاتی انتخابات کے موقعہ پر خیر پور اور سانگھڑ میں دونوں جماعتوں میں خونی تصادم ہوچکے ہیں جس میں دونوں جانب سے دونوں واقعات میں اٹھارہ افراد جاں بحق ہوے تھے ۔