خبرنامہ سندھ

سندھ اپیکس کمیٹی انسداد دہشت گردی عدالتوں کی منظوری دیدی

کراچی: (ملت+اے پی پی) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت میں اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں کور کمانڈر کراچی لیفٹنٹ جنرل نوید مختار، ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر اور آئی جی سندھ سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں اپیکس کمیٹی کے فیصلوں پر عمل درآمد اور سی پیک کی سیکیورٹی کے لئے فورس کی تشکیل کی منظوری دی گئی۔ اجلاس کے بعد وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کور کمانڈر کراچی لیفٹنٹ جنرل نوید مختار اور ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر کو اجرک اور ٹوپی کا تحفہ دے کر رخصت کیا۔ مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ کور کمانڈر کراچی اور ڈی جی رینجرز کی تبدیلی سے اپیکس کمیٹی کی کارکردگی میں کمی نہیں آئے گی۔ اپیکس کمیٹی نے دس نئی انسداد دہشت گردی کی عدالتوں کے قیام، مدارس کی رجسٹریشن اور پراسیکیوٹرز کی تعیناتی کی منظوری بھی دی۔