خبرنامہ سندھ

سندھ ایپکس کمیٹی نےدینی مدارس رجسٹریشن بل پراتفاق کرلیا

کراچی: (آئی این پی) وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ ایپکس کمیٹی نے سندھ دینی مدارس رجسٹریشن بل پر اتفاق کر لیا ۔ اجلاس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد ، کور کمانڈر کراچی ، ڈی جی رینجرز ،چیف سیکرٹری ،سینئر وزیرنثار کھوڑو، مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو اور مشیر قانون مرتضی وہاب نے بھی شرکت کی ۔ اجلاس میں مدارس کی رجسٹریشن ، ملزمان کی جے آئی ٹیز، انسداد دہشت گردی عدالتوں کے قیام پر فیصلوں پر غور کیا گیا ۔ ڈی جی رینجرز سندھ نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 4 ستمبر2013 سے اب تک 848 ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کیا گیا ، جو 7224 وارداتوں میں ملوث تھے ، ڈی جی رینجرز سندھ کہنا تھا کہ ایم کیو ایم عسکری ونگ کے 654 ،لیاری گینگ وار 95 اور کالعدم تنظیموں کے 99 ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کیا گیا ۔ مشیر قانون سندھ مرتضیٰ وہاب نے سندھ دینی مدرسہ رجسٹریشن بل پر اجلاس کو بریفنگ دی ۔ مشیر قانون کا کہنا تھا کہ دینی مدارس کی رجسٹریشن ازسر نو کی جائے گی ۔ کسی مدرسے کی رجسٹریشن منسوخ نہیں کی جائیگی، تمام مدارس کو ازسر نو رجسٹریشن کا موقع دیا جائیگا ۔ مدارس کو ڈپٹی کمشنر، ضلع ایس پی، بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور وزارت مذہبی امور سے این او سی لینا لازمی ہو گا ۔ مشیر قانون کا کہنا تھا کہ کسی مدرسہ کوبراہ راست زکوۃ، فطرہ وصول کرنے کا اختیار نہیں ہو گا، دینی مدرسہ کے لئے محکمہ داخلہ سندھ رجسٹریشن فارم جاری کریگا ۔ مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ کراچی کے تمام اضلاع میں پیس کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی ، پیس کمیٹیوں کو مسائل حل کرنے کے اختیارات ہونگے، ایپکس کمیٹی نے سندھ دینی مدارس رجسٹریشن بل پر اتفاق کر لیا ۔