خبرنامہ سندھ

سندھ ایپکس کمیٹی کا اجلاس آج کراچی میں ہوگا

کراچی: (ملت+اے پی پی) وزیر اعلیٰ ہائوس کراچی میں صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا جس میں امن و امان کی صورتحال اور کراچی آپریشن پر غور کیا جائے گا ، کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل شاہد بیگ اور ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید پہلی بار ایپکس کمیٹی میں شرکت کریں گے ۔ صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس وزیر اعلیٰ ہائوس میں آج ہوگا ۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اجلاس طلب کیا ہے ۔ اجلاس میں کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل شاہد بیگ چارج سنبھالنے کے بعد پہلی بار ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کریں گے ۔ اسی طرح ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید بھی پہلی بار ایپکس کمیٹی میں شرکت کریں گے ۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں امن و امان کی صورتحال اور کراچی آپریشن پر غور کیا جائے گا اور صوبے میں مستقل قیام امن کیلئے حکمت عملی طے کی جائے گی ۔