خبرنامہ سندھ

سندھ: بلدیاتی انتخابات کی پولنگ ملتوی

کراچی:(آئی این پی ) الیکشن کمیشن نے 8 جون کو سندھ بھر کی مخصوص نشستوں پر بلدیاتی نمائندوں کے چناؤ کے لئے ہونے والی پولنگ ملتوی کردی۔ الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں پرانتخابات ایک بار پھر ملتوی کردیئے ہیں جس کے بعد کراچی کے میئر، ڈپٹی میئر، چیرمین اور وائس چیرمین کا انتخاب ایک بار پھر کھٹائی میں پڑ گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے سندھ ہائیکورٹ کے 4 اور 8 مئی کے فیصلوں کو جواز بناتے ہوئے کہا ہے کہ عدالتی فیصلوں کی روشنی میں سندھ کی 448 مخصوص نشستوں پر انتخابات فی الوقت نہیں ہوسکتے۔ 2 روز قبل الیکشن کمیشن کی جانب سے ریٹرننگ افسران کو بلدیاتی اداروں کے میئر، ڈپٹی میئر، چیرمین اور وائس چیرمین کے انتخابات کے لئے 20 مئی تک شیڈول جاری کرنے کا حکم دیا تھا جس کے لئے 8 جون کو پولنگ ہونا تھی تاہم سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے حکم امتناع کے بعد سندھ میں میئر، ڈپٹی مئیر، چئیرمین اور وائس چیرمین کی 448 نشستوں کے لئے جاری انتخابی شیڈول کو ایک بار پھر مؤخر کردیا گیا۔