خبرنامہ سندھ

سندھ حکومت تشدد پر اتر آئی: چوہدری نثار

اسلام آباد(ملت آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے پی ایس پی کی ریلی پر پولیس کی جانب سے شرکا پر شیلنگ، مصطفی کمال اور دیگر سینئر رہنماؤں کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پُرامن سیاسی اجتماع پر اس قسم کا شدید ردعمل سمجھ سے بالاتر ہے ۔ ایک بیان میں انکا کہنا تھا کہ آئین پُر امن احتجاج اور مسائل کے حل کیلئے سیاسی اجتماع کی اجازت دیتا ہے ، کراچی کے مسائل سے لا تعلق صوبائی حکومت حقوق مانگنے والوں پر تشدد پر اتر آئی ہے ۔ دوسری جانب وزیرِداخلہ چوہدری نثار علی خان نے سوشل میڈیا پر پاک فوج پر تنقید کرنیوالوں کیخلاف نوٹس لے لیا۔ وزیر داخلہ نے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو سوشل میڈیا کے ذریعے پاک فوج کو بلا جواز تنقید و تضحیک کا نشانہ بنانے والے عناصر کے خلاف فوری طور پر کارروائی کا حکم دیا ہے ۔ وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ آزادی اظہار سے متعلق آئینِ پاکستان یہ واضح کرتا ہے کہ ملکی سیکیورٹی اور ڈیفنس کے معاملات اور متعلقہ اداروں کو تنقید کا نشانہ نہیں بنایا جائے گا اور کوئی شہری کسی ایسی سرگرمی میں ملوث نہیں ہو گا ، جس سے پاک فوج کے ادارے کے وقار، نیک نامی اور عزت پر حرف آئے ، آزادی اظہار کی آڑ میں پاک فوج یا اس کے افسران کی تضحیک ناقابلِ قبول ہے ۔