کراچی: (ملت آن لائن)سمندر کے طیش پر سندھ سرکار نے احتیاطی تدابیر اختیار کر لیں، انسانی جانوں کا ضیاع روکنے کے لئے سمندر میں نہانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کو حوالات کی ہوا کھانی پڑے گی۔ سمندر پر آنا مگر بھولے سے بھی نہانے نہ جانا۔ گرمی کے موسم میں سمندر بپھر گیا۔ مختلف مقامات پر شہریوں کے ڈوبنے کے پے در پے واقعات پر سندھ سرکار نے ایکشن لے لیا۔ دنیا نیوز کی خبر پر محکمہ داخلہ سندھ نے نوٹس لیتے ہوئے چھ ماہ کے لئے سمندر میں نہانے پر پابندی لگا دی۔ پہلی بار طویل مدت کے لئے لگائی گئی پابندی پر فوری اطلاق ہو گا۔ منچلے سمندر میں کودنے سے پہلے سوچ لیں۔ لہروں سے چھیڑ چھاڑ حوالات کی ہوا کھلا سکتی ہے۔ عید الفطر، عید قرباں، یوم آزادی پر بھی شہری پابندی کے باعث سمندر میں نہیں نہا سکیں گے۔