خبرنامہ سندھ

سندھ رینجرز:سکول کی سکیورٹی کیلیے سافٹ ویئرکا آغاز

کراچی (آئی این پی) سندھ رینجرز نے سکولز،کالجوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے سکول اور کالج پروٹیکشن سسٹم کے تحت سافٹ ویئر کا آغاز کردیا،وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کے دشمنوں نے ملک کو گھیرے میں لیا ہوا ہے، سندھ پولیس اور رینجرز نے دہشت گردی کے خلاف بڑا کام کیا ہے، کراچی کے حالات پہلے سے بہت بہتر ہو چکے ہیں،ترجمان سندھ رینجرز نے کہا کہ سافٹ ویئر سے پٹرولنگ کرنے والے رینجرز دستوں کے مقام کی نشاندہی ہو سکے گی، نظام میں 300 سے زائد سکولوں کی رجسٹریشن ہو چکی ہے،باقی سکولز بھی جلد سے جلد رجسٹریشن کرائیں۔وہ ہفتہ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر صوبائی مشیر اطلاعات مولانا بخش چانڈیو نے کہا کہ سندھ حکومت رینجرز سے الگ نہیں ہے، رینجرز کو جب میسج ملے گا تو اسی کے ذریعے قریبی تھانے کو بھی اطلاع مل جائے گی،سکول، شاپنگ مالز، ہسپتالوں سمیت پورا شہر اس سسٹم میں آ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت فیصلے کئے گئے ، سندھ پولیس اور رینجرز نے دہشت گردی کے خلاف بڑا کام کیا ہے، کراچی کے حالات پہلے سے بہتر ہو چکے ہیں، پاکستان کی ترقی کے دشمنوں نے ملک کو گھیرے میں لیا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیڑے نکالیں گے تو اچھی چیز کا بھی حلیہ بگڑ جائے گا، اپنے ادارے کے سامنے اپنے دل کی بات رکھنا غداری نہیں ہے۔اس موقع پر ترجمان سندھ رینجرز کرنل قیصر اجمل خٹک نے کہا کہ پاکستان رینجرز سندھ کی جانب سے ایک سافٹ ویئر کا آغاز کیا گیا ہے، ایپلیکیشن کی مدد سے اسکولز، کالجوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا، رینجرز نے کراچی میں اسکول اور کالج پروٹیکشن سسٹم متعارف کرا دیا ہے، موثر نگرانی کیلئے کراچی کو ساتھ حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سسٹم پر کراچی کے نقشے کو نصب کیا گیا ہے، سافٹ ویئر سے پٹرولنگ کرنے والے رینجرز دستوں کے مقام کی نشاندہی ہو سکے گی، عوامی سہولت کیلئے اس نظام کا دائرہ جکار وسیع کیا جائے گا، نظام میں 300سے زائد سکولوں کی رجسٹریشن ہو چکی ہے باقی سکولوں کو بھی جلد نظام سے منسلک کیا جائے گاجو سکول رجسٹرڈ نہیں ہوئے وہ جلد ازجلد اپنا سکول رجسٹرڈ کرائیں، کراچی میں تقریباً15ہزار کے قریب اسکولز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ناگہانی صورتحال میں اسکول کا سربراہ ایس ایم ایس کرے گا، پیغام علاقے کے کمپنی کمانڈر، ونگ کمانڈر کے موبائل پر بھی جائے گا، باقی سکولوں کو بھی اس سسٹم سے لنک کیا جائے گا۔(اح)