کراچی: انسداد دہشت گردی عدالت نے سندھ سیکریٹریٹ حملہ کیس کے مرکزی ملزمان ناصر کھجی اور فہیم مرچی کو جرم ثابت ہونے پر مجموعی طور پر 21، 21 سال قید کی سزا سنادی۔
واضح رہے کہ سندھ سیکرٹریٹ پر 1995 میں حملہ کیا گیا تھا۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت میں سندھ سیکرٹریٹ حملہ کیس کی سماعت ہوئی، جہاں مرکزی ملزمان ناصر کھجی اور فہیم مرچی کو پیش کیا گیا۔
سماعت کے بعد عدالت نے ناصر کھجی اور فہیم مرچی کو دھماکہ خیز مواد اور اسلحہ ایکٹ کے تحت مجموعی طور پر 21 ،21 سال قید کی سزا سنادی گئی۔
دوران سماعت رینجرز پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ مجرمان کو رینجرز نے 2016 میں گرفتار کیا تھا، جن کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد اور اسلحہ بھی برآمد کیا گیا تھا۔
رینجرز پراسیکیوٹر نے بتایا کہ مجرمان نے بھارت کے شہر فریدآباد میں دہشت گردی کی تربیت حاصل کی، جنہیں ایم کیو ایم لندن کے جاوید اور اجمل پہاڑی بھارت لے کر گئے۔
رینجرز پراسیکیوٹر نے مزید بتایا کہ مجرمان نے جےآئی ٹی کے سامنے بھارت سے دہشت گردی کی تربیت حاصل کرنے کا اعتراف کیا تھا۔
واضح رہے کہ مجرمان پر پولیس ہیڈکوارٹرز پر حملہ کیس بھی اے ٹی سی میں زیرسماعت ہے۔