سندھ سیکریٹریٹ میں لگنے والی آگ مشکوک قرار
سندھ: (ملت آن لائن)محکمہ فائربریگیڈ نے سندھ سیکریٹریٹ میں لگنے والی آگ کو مشکوک قرار دے دیا۔ وزیراطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کا بھی کہنا ہے کہ آتشزدگی کا واقعہ مشکوک ضرور ہے تاہم اہم ریکارڈ ضائع ہونے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، تمام ڈیٹا محفوظ ہے۔ سندھ سیکریٹریٹ میں آگ لگنے سے متعلق محکمہ فائر بریگیڈ کی رپورٹ جاری ہوگئی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آگ لگنے کی اطلاع شام 5 بجکر 48 منٹ پر موصول ہوئی۔
سندھ سیکریٹریٹ کی نئی عمارت میں آتشزدگی، ریکارڈ ضائع ہونے کا خدشہ
عملہ موقع پر پہنچا تو بلڈنگ کا عقبی دروازہ کھلا ہوا ملا۔ جہاں کاغذات کے بنڈلز کو آگ نے لپیٹ میں لے رکھا تھا۔ وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے بھی فائر بریگیڈ کی رپورٹ کی تصدیق کی ہے ان کا کہنا ہے کہ آگ پر شکوک ہیں تاہم ڈیٹا جلنے کی خبروں میں صداقت نہیں۔ دوسری جانب رپورٹ میں موجود انکشافات سندھ حکومت کے دعوؤں کی نفی کررہےہیں۔ رپورٹ کے مطابق عمارت کی 6 منزلوں پر جلنے والے کاغذات کے بنڈل لفٹ کے ساتھ ایک جیسی ترتیب میں رکھے ہوئے پائے گئے جبکہ ہر منزل پر ریکارڈ سے بھری لوہے کی الماریاں بھی لفٹ کے قریب اور آگ کی لپیٹ میں پائی گئیں۔ خیال رہے کہ نیو سندھ سیکریٹریٹ کی جس عمارت میں آگ لگی وہاں وزیراعلیٰ سندھ سمیت کئی وزراء کے دفاتر بھی واقع ہیں۔