خبرنامہ سندھ

سندھ معدنی وسائل سےمالامال ہے: صدیق میمن

کراچی:(اے پی پی) چیف سیکرٹری سندھ محمد صدیق میمن نے کہا ہے کہ سندھ معدنی وسائل سے مالا مال ہے جبکہ یہاں کوئلے کے ذخائر وافر مقدار میں موجود ہیں جو ایک ہزار سال تک ملکی ضروریات کو پورا کر سکتے ہیں، کوئلے کے ذریعے بجلی کے پیداواری منصوبے پر کام ہو رہا ہے جس کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ (این آئی ایم) اسلام آباد میں زیر تربیت 19 ویں سینٹر مینجمنٹ کورس کے سندھ کے مطالعاتی دورے پر آئے ہوئے سینئر افسران سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری مالیات سہیل راجپوت، سیکرٹری سروس ڈاکٹر محمد عثمان چاچڑ، سیکرٹری جنرل ایڈمنسٹریشن ساجد کمال ابڑو اور سیکرٹری انٹر پرووینشل کوآرڈینیشن مشتاق احمد شیخ کے علاوہ اسپیشل سیکرٹری ہوم اے ایچ سومرو نے شرکاء کو بالترتیب پبلک اینڈ پرائیوٹ پارٹنر شپ، ریکروٹمنٹ، پوسٹنگ ٹرانسفرز، پروٹوکول ڈیوٹیز، صوبائی رابطے، ای سی سی اور سی سی آئی، امن و امان کی صورتحال پر روشنی ڈالی۔ محمد صدیق میمن نے واضح کیا کہ سرکاری افسران کو قواعد و ضوابط اور حکومتی پالیسیوں کے مطابق دیانت داری اور فرض شناسی سے اپنے فرائض کی انجام دہی کرنی چاہئے تاکہ ملک و قوم کی احسن طریقے سے خدمت کر کے وہ سرخرو ہو سکیں۔ اس موقع پر ٹیم لیڈر طارق جاوید نے چیف سیکرٹری سندھ کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں جانب سے سووینئرز کا تبادلہ بھی ہوا۔