کراچی(آئی این پی)مشیر اطلاعات سندھ مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ وسیم اختر پیپلزپارٹی پر کیچڑ اچھالنے کے بجائے مصطفیٰ کمال کے الزامات کے جواب دیں تو ان کے لئے بہتر ہوگا ،سندھ میں رہنے والے کسی بھی فرد کو مہاجر نہیں سمجھتے۔ کراچی پریس کلب کی ادبی کمیٹی کے زیر اہتمام مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو کی کتاب ’’گلیاں یاد نگر کی‘‘ کی تقریب رونمائی کا انعقاد کیاگیا۔اس موقع پرتقریب کے مہمان خصوصی گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کا کہنا تھا کہ مولابخش چانڈیو ادب سے دلچسپی رکھنے والے سیاستدان ہیں، ان کی کتاب میں حقیقت سے قریب باتیں ہیں۔ مشیر اطلاعات سندھ مولابخش چانڈیو نے کہاکہ حالیہ تبدیلیاں ایم کیوایم کا اندرونی معاملہ ہیں، وسیم اختر پیپلزپارٹی کو گالیاں بعد میں دیں، پہلے مصطفیٰ کمال کے بیان کی وضاحت کریں۔انہوں نے کہا کہ اتنی بڑی پارٹی اب گٹر کے ڈھکن پر آکرکھڑی ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم وفاق کے دشمن نہیں، ہم کسی کو مہاجر نہیں سمجھتے نہ کسی علاقے کی تقسیم کے خواہشمند ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں گورنر سندھ سے بہت پیار ہے، انہوں نے جو راستہ اپنایا وہ سندھ کے مستقل باشندوں کی ترقی کا ہے۔