خبرنامہ سندھ

سندھ میں رینجرز کو حاصل خصوصی اختیارات کی مدت ختم

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) صوبہ سندھ میں رینجرز کے اختیارات کی مدت گزشتہ روز ختم ہوگئی تاہم وزیراعلیٰ سندھ نے رینجرز کو حاصل خصوصی اختیارات میں توسیع کی سمری پر دستخط نہیں کئے۔

سندھ میں امن و امان کے قیام کے لئے رینجرز کو حاصل خصوصی اختیارات کی مدت گزشتہ روز ختم ہوگئی لیکن صوبائی حکومت نے تاحال اس کی مدت میں توسیع نہیں کی جس کی وجہ سے رینجرز کا ٹارگٹڈ آپریشن متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ داخلہ سندھ نے رینجرز کے اختیارات کی مدت میں توسیع کی سمری وزیراعلی سندھ کو ارسال کی تھی، جس میں دہشتگردی ایکٹ 1997 کی شق چار کے تحت رینجرز کو حاصل خصوصی اختیارات میں 90 دن کی توسیع کی درخواست کی گئی ہے لیکن آصف علی زرداری کے ساتھیوں کی گمشدگی کے بعد صوبائی حکومت سندھ میں رینجرز کو خصوصی اختیارات دینے کے معاملے پر شش و پنج کا شکار ہے اور اسی وجہ سے مراد علی شاہ سمری پر دستخط میں پس و پیش سے کام لے رہے ہیں۔