خبرنامہ سندھ

سندھ میں زمینوں کے جعلی کھاتوں کی کمپیوٹرائزیشن رکوا دی گئی

اسلام آباد:(آئی این پی )سپریم کورٹ کی تحقیقاتی کمیٹی نے سندھ میں ہزاروں ایکڑ زمینوں کے جعلی کھاتوں کی کمپیوٹرائزیشن رکوا دی ہے ۔ فراڈ بے نظیر بھٹو کی شہادت والے فسادات میں تباہ ہو جانے والا ریونیو ریکارڈ دوبارہ جوڑنے کے نام پر کیا گیا تھا ۔ حکومت سندھ نے زمینوں کے سرکاری ریکارڈ کو کمپیوٹرائز کرنے کے 5 ارب روپے لاگت کے نئے منصوبے کا افتتاح تو کر دیا ہے لیکن سپریم کورٹ آف پاکستان کی تحقیقاتی کمیٹی نے ہزاروں ایکڑ سرکاری زمینوں کے جعلی نجی کھاتے بن جانے کا فراڈ پکڑلیا ہے اور جعلی ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن رکوا دی ہے ۔ انتظامیہ نے پٹواریوں اور تحصیلداروں کی جانب سے تیار کردہ جعلسازیوں اور خامیوں سے بھرے ریکارڈ کو جوں کا توں کمپیوٹرائز کرکے منصوبے کی ساکھ کو پہلے ہی مشکوک کر دیا ہے لیکن اب کچھ نئے سوالات بھی پیدا ہوگئے ہیں ۔ زمینوں کے ریکارڈ میں جعلسازی کا بڑا فراڈ پکڑے جانے کے باوجود فراڈ میں ملوث افراد کے خلاف کوئی کارروائی کیوں نہیں ہوسکی ۔