سندھ میں عوامی مقامات پر کچرہ پھینکنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ
کراچی:(ملت آن لائن) سندھ میں عوامی مقامات اور سڑکوں پر کُوڑا کرکٹ پھینکنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس حوالے سے محکمہ داخلہ سندھ نے نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا ہے۔ سیکریٹری داخلہ سندھ ڈاکٹر قاضی شاہد پرویز کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سپریم کورٹ واٹر کمیشن کے نوٹس پر محکمہ داخلہ سندھ نے عوامی مقامات، بازاروں، سڑکوں اور رفاحی پلاٹوں پر کچرہ پھینکنے پر دفعہ 144 نافذ کردی ہے۔
یہ حکم نامہ پورے سندھ کے لیے جاری کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری اداروں کی جانب سے مختص کردہ جگہ کے علاوہ کچرا پھینکنے اور کچرے کو آگ لگانے والوں کے خلاف دفعہ 144 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ جابجا پھینکا جانے والا کچرا ماحولیاتی آلودگی اور بیماریوں کا سبب بنتا ہے اور یہ تحفظِ ماحولیات قوانین کی بھی سنگین خلاف ورزی ہے۔ دوسری جانب چونکہ حیدرآباد سمیت اندرون سندھ میں بلدیاتی اداروں کی جانب سے کہیں ڈمپنگ پوائنٹس نہیں بنائے گئے لہذا قیاس کیا جارہا ہے اس اقدام سے پولیس کی چاندی ہوجائے گی۔