خبرنامہ سندھ

سندھ میں کرپشن کے تمام ریکارڈ ٹوٹ چکے ہیں، پیر پگارا

سندھ میں کرپشن کے تمام ریکارڈ ٹوٹ چکے ہیں، پیر پگارا

نوشہرو فیروز:(ملت آن لائن) پاکستان مسلم لیگ فکشنل کے رہنما پیر صبغت اللہ شاہ راشدی کا کہنا ہے کہ سندھ میں کرپشن کے تمام ریکارڈ ٹوٹ چکے ہیں اور یہ حاکم زیادہ دیر نہیں رہیں گے۔ گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس کے نوشہرو فیروز کے سدھوجا میں ہونے والے جلسہ عام سے خطاب میں پیر پگارا نے کہا کہ کہا جاتا ہے جی ڈی اے میں وہ لوگ ہیں جو کونسلر بھی نہیں بن سکتے لیکن آصف زرداری تو کبھی کونسلر بھی نہیں بنے۔ انہوں نے کہا کہ کاشت کار شدید مالی بحران کا شکار ہیں اور آج کاشت کی فصل خریدنے والا کوئی نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خدا تعالیٰ رحم کرے ہم ایسےحکمرانوں میں پھنس گئےہیں جہاں ایک کہتا ہے میں اینٹ سےاینٹ بجا دوں گا اور دوسرا عدلیہ اور فوج کے خلاف عوام کو سڑکوں پر لاناچاہتا ہے۔ پیر پگارا نے کہا کہ پی پی کہتی ہے کہ اگلی حکومت ہماری ہوگی اور وزیر اعظم ہمارا ہوگا لیکن پنجاب میں پی پی، سندھ میں ن لیگ ختم ہوچکی ہے اور ایک دوسرے کی دوستی نے دونوں جماعتوں کو تباہ کردیا۔
ان کا کہنا ہے کہ سندھ میں کرپشن کے تمام ریکارڈ ٹوٹ چکے ہیں اور یہ حاکم زیادہ دیر نہیں رہیں گے۔
قومی عوامی تحریک کے سربراہ ایاز لطیف پلیجو کا جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ زرداری نے راؤ انوار کو بہادر آدمی کہا لیکن اب انصاف کے لئے میدان میں اترنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایسا سندھ چاہیے جہاں خواتین اور اقلتییں محفوظ ہوں لیکن سندھ کے لوگوں کو ذلت آمیز زندگی گزارنے پر مجبور کیا جارہا ہے، ہمیں دیوار سے نہ لگایا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایک وڈیرہ جاتا ہے تو دوسر آجاتا ہے اور لوگ کہتے ہیں زرداری اب جان چھوڑو لیکن سندھ کے حکمرانوں سے حساب لیں گے۔ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ ارباب غلام رحیم نے کہا کہ یہاں لوگ ملک سے نہیں پارٹی سربراہ سے وفاداری کرتے ہیں اور اگر مافیا سے جان نہیں چھڑائی گئی تو ملک چلنے کے قابل نہیں رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ ملکی اداروں سے ٹکرانا چاہتے ہیں اب ان کی حکومت چلنا ممکن نہیں اور ان کی الٹی گنتی شروع ہوچکی، دن گنے جا چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے راؤ انوار کی طرح پنجاب میں عابد باکسر کا کردار بھی سامنے آیا ہے۔